Skip to content Skip to main navigation Skip to footer

مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اور ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ،عیدلااضحی کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے

کراچی( ) مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب اور ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ نے عیدلااضحی کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کے دورے کئے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے عید کے تینوں روز آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے کام کی خود نگرانی کی۔انہوں نے ضلع شرقی، ضلع وسطی، ضلع غربی، ضلع ملیر، ضلع جنوبی،ضلع کورنگی اور ضلع کیماڑی کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے زیرانتظام عید کے تینوں دن مجموعی طور پر شام5 بجے تک موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق تقریباًایک لاکھ ٹن آلائشیں و کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا جبکہ آلائشیں محفوظ طریقے سے خندقوں میں مدفون کی گئیں۔مئیرکراچی نے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل ادارے، سالڈ ویسٹ اور بلدیاتی عملہ متحرک ہے۔کلیکشن پوائنٹس سے رات تک آلائشیں اٹھا کر وہاں چونے کا چھڑکاؤ کیاجا رہا ہے۔عید قربان کے تینوں روز یہ آپریشن مکمل کرنے کے بعد کلیکشن پوائنٹس پر چونا، کلورین اور اسکے بعد گلاب کے عرق کا چھڑکاؤ کیا جائے گا تاکہ کلیکشن پوائنٹس پر بیکٹریاز کا خاتمہ ہو روزانہ کی بنیاد پربھی کلیکشن پوائنٹس پر فیومیگیشن کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اختیارات کا رونا رونے کے بجائے عوام کی خدمت پر عمل پیرا ہیں اورپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید پرہمیں کراچی کے عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے کہیں سے کوئی بڑی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔انشاء اللہ ترقی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔کے ایم سی، سالڈ ویسٹ،متعلقہ ٹاون، یوسیز اور دیگر محکموں کا عملہ گراؤنڈ پر موجود ہے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں نے بھی دورہ کیا۔انہوں نے بلدیاتی عملہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سخت موسم میں بلدیاتی عملہ اپنے فرائض بھرپور طریقے سے انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے عملے سمیت نجی کمپنی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔بعد ازاں میئرکراچی، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مرادسے عید ملنے انکے گھربھی گئے میئر کراچی نے ڈپٹی میئر کو عید کی مبارکباد دی۔ میئر کراچی اور ڈپٹی میئر نے شہر میں عید آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ضلع کیماڑی کے دورے کے دوران کیماڑی سے منتخب ایم پی اے آصف خان اور ٹاؤن چیئرمین ہمایوں خان نے میئر کراچی کو بریفنگ دی، میئر کراچی نے لیاری پہنچے پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماوں، انتظامیہ اور افسران سے بھی بریفنگ لی، میئر کراچی نے لیاری میں صفائی اور آلائشوُں کو ٹھکانے لگانے کے معاملات پر تمام افراد کو بہتر سے بہتر کام کرنے کی ہدایت دی۔دیگر تفصیلات میں کمانڈ اینڈ کنٹرول اور کمپلین سیل اور واٹس ایپ پرشکایات موصول ہونے پر بروقت متعلقہ افسران تک پہنچائی گئیں جبکہ ڈسٹرکٹ وائز شکایتی سینٹر پر بھی شکایات موصول کی گئی اور تمام شکایات کا 80 فیصد ازالہ یقینی بنایا گیا۔عیدالاضحی آپریشن کے لئے کراچی میں 99 کلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں سے ڈمپر لوڈر کے ذریعے بروقت آلائشوں کولینڈ فل سائٹ خندقوں میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت عید کے تیسرے دن بھی آلائشیں اٹھانے اور صفائی کا کام رات تک جاری رہے گا۔ دریں اثناء ہر ڈسٹرکٹ میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے افسران نے مانیٹرنگ کا عمل شفاف رکھا۔ جس کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملا اور بہتر نتائج سامنے آئے۔