رمضان المبارک کے سلسلے میں انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت، سینیٹری ورکرز تین شفٹو ں میں تعینات کئے جائیں گے، مساجد، امام بارگاہ، افطار، سحری پوائنٹ اور بچت بازارکے اطراف اضافی عملہ لگانے کی ہدایت
کراچی۔۔۔منیجنگ ڈائریکٹرسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں رمضان المبارک کے سلسلے میں انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، رمضان المبارک کے دوران سینیٹری ورکرز کو تین شفٹو ں میں تعینات کیا جائے گا پہلی شفٹ صبح 6 بجے سے شروع ہوگی اور تیسری شفٹ اگلے دن صبح 5 بجے تک اپنے فرائض انجام دیں گی،اس کے علاوہ مساجد، امام بارگاہ، افطار، سحری پوائنٹ، بچت بازار، مارکیٹ، فوڈ اسٹریٹ،اور قبرستانوں کی صفائی کے لئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر رحمت اللہ شیخ، تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور نجی کمپنیز کے عہدیداران کے علاوہ حیدر آباد، سکھراور لاڑکانہ سے افسران نے آن لائن شرکت کرکے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ نجی کمپنیز کے عہدیداران نے رمضان کے انتظامات کے سلسلے میں بریفنگ میں بتایا کہ بالخصوص جن اضلاع میں فلاحی ادارے افطاراور سحری دسترخوان لگاتے ہیں،اور فوڈاسٹریٹ پر اضافی عملہ موجود رہے گاجبکہ ہر اضلاع میں ضرورت کے مطابق اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ مساجد، امام بارگاہوں اور تراویح کے لئے دیگر عبادت گاہوں کے اطراف اور راستوں کی صفائی یقینی بنائی جائے گی۔بالخصوص 15 رمضان کے بعد مارکیٹ، بچت بازار کے اطراف صفائی کے لئے مزید انتظامات بہتر بنائے جائیں گے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ رمضان مقدس مہینہ ہے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام عملہ الرٹ رہے جہاں عملے، ڈسٹ بن اور مشینری کی کمی ہے اسے فوری پورا کیا جائے۔ اس کے علاوہ ضلعی ایڈمنسٹریشن اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ بھی مکمل رابطہ رکھا جائے گا۔ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی ٹیم مانیٹرنگ کے بعد رپورٹ جمع کرائے گی۔انہوں نے ڈائریکٹر جی ٹی ایس کو جی ٹی ایس پر آپریشن کے ٹائمنگ رات 12بجے تک کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں شکایتی مراکز فعال رکھے جائیں۔ جبکہ شکایات کے فوری ازالے کے لئے سالڈ ویسٹ کے ہیلپ لائن نمبر 1128واٹس اپ نمبر 0318-1030851 کے علاوہ کمپلین ایپ SSWMB Complaints Karachi پر شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ